ترکیہ کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پر چٹان سیاحوں پر گر گئی؛ 3 ہلاک،5 زخمی

ترک وزیرِ انصاف آکن گورلیک کا واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان

October 30, 2026 · بام دنیا

انقرہ: ترکیہ کے مشہور سیاحتی علاقے کاپاڈوشیا میں آتش فشانی چٹان کے تودے سمیت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ جمعرات کو علاقے کے قصبے گوریمے میں پیش آیا جہاں چٹان کی ایک ساخت، جسے پری چمنی کہا جاتا ہے اچانک ٹوٹ کر نیچے آگری۔

یہ واقعہ سیاحتی مقام کے ایک داخلی راستے کے قریب پارکنگ کے قریب پیش آیا۔ امدادی کارکن ملبے میں دبے مزید افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

گورنر حسین کوک نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے دو ترک شہری تھے جبکہ تیسرے شخص کی شناخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حالیہ شدید بارشیں چٹان گرنے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہیں۔ واقعے کے بعد طبی عملے اور امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا۔

ترک وزیرِ انصاف آکن گورلیک نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔