آزاد کشمیر : باغ میں گھر میں دھماکے سے 4 خواتین جاں بحق ، سرکاری حکام

ایک لڑکی زخمی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

October 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں ایک گھر میں ہونے والے دھماکے کے دوران 4 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

سرکاری حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

مقامی صحافی کے مطابق باغ کے ڈپٹی کمشنر ممتاز کاظمی نے میڈیا کو بتایا کہ پندی نامی گاؤں کے ایک گھر میں ’دستی بم‘ پھٹا ہے، جس کے نتیجے میں 4 خواتین  جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوئی ہے، جس طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی انتطامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ گھر میں ایک خاتون کچن میں کھانا بنا رہی تھیں اور وہاں گیس کا سلنڈر بھی موجود تھا۔

تاہم انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات بھی حتمی طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ دھماکہ سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔

ان کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والی لڑکی کے ہوش میں آنے کے بعد ہی مزید معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔