گوجر خان میں 14 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار

ملزم شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے، جو مبینہ طور پر بچی کو دھمکیاں دے کر ہراساں کرتا رہا

October 30, 2026 · قومی
گوجر خان میں 14 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار

گوجر خان میں 14 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار

راولپنڈی کے علاقے گوجر خان کے تھانہ قاضیاں کی حدود میں 14 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اور متاثرہ بچی ایک ہی محلے میں رہائش پذیر تھے۔ مدعی کے بیان کے مطابق ان کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ قاضیاں کے علاقے حبیب کینال میں محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ان کی 14 سالہ بھتیجی بھی تقریباً ڈھائی ماہ قبل ان کے پاس رہنے آئی تھی۔

مدعی کا کہنا ہے کہ چند روز قبل بچی گھر میں بے ہوش ہوگئی۔ اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانے کی کوشش کی گئی تو اس نے انکار کردیا۔ بعد ازاں بچی نے بتایا کہ محلے میں رہنے والے فیاض نامی شخص نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل گھر میں اکیلا پاکر اسے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

درخواست گزار کے مطابق ملزم شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے، جو مبینہ طور پر بچی کو دھمکیاں دے کر ہراساں کرتا رہا۔ الزام ہے کہ ملزم نے 10 روز قبل بھی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اس کی طبیعت خراب ہوگئی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔