کراچی: تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق،لڑکی سمیت 7 افراد زخمی
حب چوکی سے کراچی آنے والی کوچ بلدیہ حب ریور روڈ پر حادثے کا شکار، زخمی سول ٹراما سینٹر منتقل
کراچی کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ پر تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ لڑکی سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔
کراچی: بلدیہ حب ریور روڈ پر نیول گیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک لڑکی سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ سعیدآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں حب چوکی سے کراچی آنے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
جاں بحق شخص اور تمام زخمیوں کو ایدھی اور چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 45 سال بتائی گئی ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 38 سالہ عبدالواحد ولد خمیسہ، 60 سالہ اظہر ولد غلام یاسین، 27 سالہ عمران ولد مختیار احمد، 40 سالہ محمد ارشد ولد عبدالعزیز، 20 سالہ محمد خلیل ولد ارشد، 17 سالہ سامعیہ دختر خدا بخش اور 21 سالہ یاسین ولد خدا بخش شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ حب چوکی سے کراچی آرہی تھی کہ بلدیہ حب ریور روڈ پر نیول گیٹ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔