مولانا فضل الرحمان کے گھر پر غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی نشاندہی، مسماری کا نوٹس جاری
سی ڈی اے نے خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی، عدم تعمیل پر عمارت سیل یا تعمیرات مسمار ہوں گی
مولانا فضل الرحمان کے گھر پر غیرقانونی تعمیرات و تجاوزات کی نشان دہی، مسمار کرنے کا نوٹس
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے نوٹس چسپاں کردیا۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں سیکیورٹی گارڈز کے کیبن اور جنریٹر کو سی ڈی اے کی اراضی پر قائم قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو گھر میں سیٹ بیکس پر قائم غیرقانونی تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزیاں دور کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے کی صورت میں عمارت سیل کرنے یا غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
سی ڈی اے نے امان اللہ محمد یونس کو عمارت کا مالک قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ 18 مارچ 2019 کو بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔