پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض کا شکار،وزارتِ صحت کا انکشاف

قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش، ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ایک کروڑ 29 لاکھ مریض، ایچ آئی وی متاثرین بھی لاکھوں میں

October 30, 2026 · ہیلتھ

3.24 کروڑ پاکستانی ذہنی امراض میں مبتلا، 1.29 کروڑ ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، وزارت قومی صحت کا انکشاف

اسلام آباد: وزارتِ قومی صحت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی میں سے 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض کا شکار ہیں، جبکہ ایک کروڑ 29 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا ہیں۔ ملک میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں 3 ہزار 900 بچے بھی شامل ہیں۔

وزارتِ قومی صحت نے ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی ایڈز اور ذہنی امراض سے متعلق اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کردیے۔

ذہنی امراض میں 24 لاکھ کا اضافہ

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد 3 کروڑ 24 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ 2019 میں یہ تعداد 3 کروڑ تھی، جو 2023 میں بڑھ کر 3 کروڑ 24 لاکھ تک پہنچ گئی۔

اس طرح 2019 سے 2023 کے پانچ برس کے دوران ذہنی امراض کے مریضوں میں 24 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ اسلام آباد میں ذہنی امراض میں مبتلا شہریوں کی تعداد بھی 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

رپورٹ میں ملک میں ماہرینِ نفسیات کی شدید کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ قومی سطح پر صرف ایک ہزار 50 ماہرینِ نفسیات رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کے لیے صرف ایک ماہرِ نفسیات دستیاب ہے۔

دستاویز کے مطابق پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبرپختونخوا میں 122 اور بلوچستان میں 44 ماہرینِ نفسیات رجسٹرڈ ہیں۔

ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ

وزارتِ قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے اور ہیپاٹائٹس سی سے اموات کے حوالے سے بھی دنیا کے 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔

رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 38 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی کا شکار ہیں۔

مجموعی طور پر ملک میں ایک کروڑ 29 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی میں مبتلا ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال 48 ہزار افراد ہیپاٹائٹس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ 2024 میں ہیپاٹائٹس سی کے 88 ہزار سے زائد نئے انفیکشنز سامنے آئے۔

ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز

وزارتِ صحت نے ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار میں پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ 92 ہزار 148 افراد رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی حاصل کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2010 کے مقابلے میں 2024 میں ایچ آئی وی کے سالانہ کیسز کی تعداد 16 ہزار سے بڑھ کر 48 ہزار تک پہنچ گئی۔

مزید بتایا گیا کہ 2020 کے مقابلے میں 2025 میں ایچ آئی وی اسکریننگ میں نمایاں اضافہ ہوا اور اسکریننگ کی تعداد 37 ہزار 944 سے بڑھ کر 3 لاکھ 74 ہزار تک پہنچ گئی۔

3 ہزار 900 بچے بھی ایچ آئی وی سے متاثر

وزارتِ صحت کی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا کہ جنوری 2025 سے جون 2026 کے دوران ایچ آئی وی سے متاثرہ 3 ہزار 900 بچوں کو رجسٹرڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد کے لحاظ سے سندھ سرِفہرست ہے، جہاں ایک ہزار 915 بچے متاثر ہیں، جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک ہزار 765 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ ایچ آئی وی سے متاثر پایا گیا۔