غیر قانونی افغان مہاجرین کو واپس جانا ہوگا،گورنر خیبرپختونخوا
وزیراعظم ضم شدہ اضلاع کے لیے 160 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں، جن کے ذریعے ان علاقوں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے
غیر قانونی افغان مہاجرین کو واپس جانا ہوگا،گورنر خیبرپختونخوا
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت افغان مہاجرین کے معاملے پر وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق اقدامات کرے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو پاکستان چھوڑ کر واپس جانا ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ضم شدہ اضلاع کے لیے 160 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں، جن کے ذریعے ان علاقوں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ اس رقم کا 70 فیصد حصہ ان علاقوں میں خرچ کیا جائے گا جو ماضی میں ترقیاتی سہولتوں سے محروم رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے اور اس کا مثبت تشخص بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کے خلاف بدعنوانی کے الزامات سامنے آئے تو کارروائی کی جائے گی، جبکہ جرائم ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق سزا اور جزا کا مؤثر نظام قائم کیے بغیر حالات میں بہتری ممکن نہیں۔