ایرانی سرحد پر فائرنگ سے ایک فوجی جاں بحق ہوگیا، ترکیہ حکام
یوسف ساہت اونلو سرحد عبور کرنے کی کوشش کو روکنے کی مداخلت کے دوران گولی لگنے سے چل بسا
فائل فوٹو
انقرہ: ترکیہ میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے اقصائے مشرق میں ایران کی سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ترک فوجی جاں بحق ہو گیا۔ ترک وزارت دفاع نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے بتایا کہ فوجی یوسف ساہت اونلو سرحد عبور کرنے کی ایک کوشش کو روکنے کے لیے مداخلت کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتال میں ہوائی جہاز کے ذریعے منتقلی کے بعد اسے بچانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں اور فوجی یوسف ساہت اونلو کی موت واقع ہو گئی۔
حالیہ برسوں میں ترک حکام نے تارکین وطن، بالخصوص افغانوں کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لیے ایران کے ساتھ سرحد کے ساتھ 380 کلومیٹر طویل دیوار تعمیر کی ہے۔ جون میں سرحد کے قریب ایک ٹینکر ٹرک کے خالی ٹینک میں چھپے ہوئے تیس غیر قانونی تارکین وطن ملے تھے۔