حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے
جماعت اسلامی مذاکرات میں حکومت سے عوام کو وسیع ریلیف دینے اور پٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے کا مطالبہ کرے گی ، لیاقت بلوچ
فائل فوٹو
لاہور:حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیموں کا اجلاس آج 3 نومبر کو صبح 11 بجے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے دفتر وزارت خارجہ میں ہوگا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے مطابق مذاکرات میں حکومت کی جانب سے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ شرکت کریں گے جب کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور انجینئر نصراللہ رندھاوا شامل ہوں گے۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن سے ترکی میں ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا جس کے دوران انہیں مذاکراتی اجلاس سے متعلق آگاہ کیا گیا اور رہنمائی حاصل کی گئی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مذاکرات میں حکومت سے عوام کو وسیع ریلیف دینے اور پٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے کا مطالبہ کرے گی۔