امریکی مڈٹرم الیکشن آج ، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں کڑا مقابلہ متوقع

ڈیموکریٹس کی کامیابی پر ویٹو پاور استعمال کرکے تمام بلز کو بلڈوز کردوں گا ، ٹرمپ کی دھمکی

November 3, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان انتخابات میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر ووٹنگ آج منگل کو ہو گی، کڑے مقابلے کا امکان ہے۔

اس وقت ری پبلکنز کو دونوں ایوانوں میں معمولی اکثریت حاصل ہے جبکہ انتخابی جائزوں میں ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے امکانات زیادہ دکھائی دے رہے ہیں۔ سینیٹ میں مقابلہ سخت ہے اور وہاں نتیجے کی پیش گوئی مشکل ہے۔

اگر ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں تو انھیں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی تحقیقات، حکام کو طلب کرنے اور سرکاری اخراجات سے متعلق فیصلوں پر اثرانداز ہونے کا اختیار مل جائے گا۔

سینیٹ میں اکثریت حاصل ہونے کی صورت میں وہ صدر کی جانب سے نامزد وزرا اور ججوں کی منظوری بھی روک یا تاخیر کا شکار کر سکتے ہیں۔

تاہم ڈیموکریٹس کی کامیابی کے باوجود صدر ٹرمپ کے صدارتی اختیارات ختم نہیں ہوں گے بلکہ وہ قانون سازی کو ویٹو کرنے اور کئی معاملات میں انتظامی احکامات کے ذریعے فیصلے کرنے کا اختیار برقرار رکھیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود بھی آج اپنے بیان میں بھی کہا کہ مڈٹرم الیکشن میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کی صورت میں وہ مسٹر ویٹو بن جائیں گے اور اپوزیشن جماعت کے بلوں کو بلڈوز کردیں گے۔