کراچی کے نجی بینک میں ملزم نے ہیپناٹائز کرکے خاتون کیشئر سے نقدی اڑا لی
انوکھی واردات، نوسرباز 41 ہزار روپے لے اڑا، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
کراچی کے نجی بینک میں پیش آنے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا منظر
کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن شرف آباد میں ایک نجی بینک کے اندر انوکھی واردات پیش آئی ہے جہاں ایک نوسرباز ملزم نے خاتون کیشئر کو مبینہ طور پر ہیپناٹائز کر کے 41 ہزار روپے ہتھیا لیے اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس کے ذریعے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج اور پولیس ذرائع کے مطابق شلوار قمیض اور ٹوپی پہنے ہوئے ایک نوجوان بینک کے اندر کیش کاؤنٹر پر موجود خاتون کیشئر کے پاس آیا۔ ملزم نے کیشئر کو باتوں میں الجھایا اور نوٹوں کی گڈی دیکھنے کے بہانے مانگ لی۔ انتہائی مکاری کے ساتھ گنتی کے دوران اس نے گڈی میں سے 41 ہزار روپے نکال لیے اور فوراً رفو چکر ہو گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کیشئر نے صورتحال کا اندازہ ہوتے ہی شور مچایا لیکن نوسرباز اس سے قبل ہی نقدی لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو چکا تھا۔ بینک انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو واقعے کی باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دکھائی دینے والے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اسے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔