عمان کے ساحل کے قریب کارگو جہاز پر فضائی حملہ، بھارتی ملاح ہلاک
حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کا نام ایم ایس وی ال جُسُفی ہے، جس پر مجموعی طور پر 14 بھارتی ملاح سوار تھے۔
عمان کے ساحل کے قریب کارگو جہاز پر فضائی حملہ، بھارتی ملاح ہلاک
عمان کے ساحلی علاقے کے قریب بھارتی پرچم بردار کارگو جہاز کو نامعلوم فضائی شے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی ملاح ہلاک جبکہ جہاز پر موجود دیگر 13 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کا نام ایم ایس وی ال جُسُفی ہے، جس پر مجموعی طور پر 14 بھارتی ملاح سوار تھے۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے ملاح کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے گندھر نعیم عجیز کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ حملے کے دوران زخمی ہوا تھا، تاہم جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد عمانی کوسٹ گارڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جہاز کے باقی 13 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
بھارتی وزیر برائے جہاز رانی سربانند سونووال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی وزارت اور عمان میں قائم بھارتی سفارت خانہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ متاثرہ افراد کی مدد اور ان کی وطن واپسی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ جہاز کو نشانہ بنانے والی فضائی شے ڈرون تھی یا میزائل، جبکہ حملے میں ملوث فریق کی شناخت بھی سرکاری طور پر سامنے نہیں آئی۔