اقوام متحدہ میں پاکستان کی 3 قراردادیں منظور، بھارت نے بھی حمایت میں ووٹ دیا

ڈس آرمامنٹ کی رپورٹ پرقرارداد اقوامِ متحدہ کے ایوان نے بھارت کی حمایت کے ساتھ 135 متفقہ/حمایتی ووٹوں سے منظور کیا

November 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نیویارک: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی (سیکورٹی و غیر مسلح سازی) کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی 3 اہم ترین قراردادوں کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہےاس اہم سفارتی پیشرفت کے دوران بھارت سمیت عالمی برادری کی بڑی اکثریت نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی۔

پاکستان کی طرف سے پیش کی جانے والی یہ قراردادیں علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات ، غیر ایٹمی ممالک کو ایٹمی حملے سے تحفظ فراہم کرنے کی منفی ضمانتوں ، اور علاقائی و ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق تھیں۔

ڈس آرمامنٹ کانفرنس (سی ڈی) کے صدر کی حیثیت سے پاکستان نے کانفرنس آف ڈس آرمامنٹ کی رپورٹ پر بھی قرارداد کی مسودہ کاری اور مذاکرات کی قیادت کی، جسے اقوامِ متحدہ کے ایوان نے بھارت کی حمایت کے ساتھ 135 متفقہ/حمایتی ووٹوں سے منظور کیا۔

جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب طاہر اندرا بی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں اس پیشرفت کو کثیر الجہتی سفارت کاری کا مضبوط اعادہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے ان قراردادوں کی بھرپور حمایت بین الاقوامی امن، سلامتی اور غیر مسلح سازی کے فروغ کے لیے پاکستان کی تعمیری اور قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔