مولانافضل الرحمٰن کےگھر کی ڈرون ویڈیوبنانا انسانی حقوق اوراسلامی روایات کےمنافی ہے:ترجمان جے یو آئی
جے یو آئی سربراہ کے گھر کے تقدس کی پامالی طاقتور لوگوں کی ذہنی پستی کا اظہار ہے ، اسلم غوری
فائل فوٹو
اسلام آباد : ترجمان جمعیت علمائے اسلام اسلم غوری نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان کےگھر کی ڈرون ویڈیوانسانی حقوق اوراسلامی روایات کےمنافی ہے۔جے یو آئی سربراہ کے گھر کے تقدس کی پامالی طاقتور لوگوں کی ذہنی پستی کا اظہار ہے ۔ایسےاقدامات قوم میں نفرت اور اشتعال کاسبب بنتے ہیں ۔
ایک بیان میں اسلم غوری نے کہا کہ کارکن اشتعال میں آنے کی بجائے صوبائی اور مرکزی تنظیموں کے احکامات کی پیروی کریں۔مولانافضل الرحمٰن کےگھر کی ڈرون ویڈیوانسانی حقوق، مشرقی اقداراوراسلامی روایات کےمنافی ہے۔افسوس ہے کہ جن خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے مولانا فضل الرحمان میدان میں اترے، آج انہی کے دورِ حکومت میں مولانا کے گھر کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔دلیل اوردانش کا مقابلہ جھوٹے پروپیگنڈوں ، الزام تراشیوں اورگھٹیا اقدامات کےذریعےکیا جارہاہے ۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات جواب دیں کہ کس قانون کے دائرے میں چادر اور چاردیواری کا احترام ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔کوئی ہمیں دھونس اور دھمکیاں نہ دے ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں ، اس حد تک جائیں جتنا برداشت بھی کرسکیں ۔