لکی مروت میں پولیس مقابلہ، خودکش بمبار سمیت 2 خارجی دہشت گرد ہلاک

مشتبہ گاڑی سے اسلحہ، کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد

November 4, 2026 · قومی
لکی مروت میں پولیس مقابلہ، خودکش بمبار سمیت 2 خارجی دہشت گرد ہلاک

لکی مروت میں پولیس مقابلہ، خودکش بمبار سمیت 2 خارجی دہشت گرد ہلاک

لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گنڈی چوک کے مقام پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت دو خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گنڈی چوک پر ایک مشکوک گاڑی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امن کمیٹی کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کی۔ اس دوران مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت دو خارجی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ملزم فرار ہوگیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدام کے باعث دہشت گردوں کے ممکنہ تخریبی منصوبے ناکام بنا دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ذرائع کے مطابق مشتبہ گاڑی سے اسلحہ، کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ ملزمان کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فرار ہونے والے زخمی ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔