خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

اس اقدام کے تحت پورے فیڈر کے بجائے ہر ٹرانسفارمر کے حساب سے بجلی کی فراہمی اور بندش کا دورانیہ طے کیا جائے گا۔

November 4, 2026 · قومی
خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت پورے فیڈر کے بجائے ہر ٹرانسفارمر کے حساب سے بجلی کی فراہمی اور بندش کا دورانیہ طے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے میں توانائی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی سے متعلق مشکلات پر وفاقی حکومت کی توجہ دلائی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مطالبہ کیا کہ زیادہ بجلی نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ محدود رکھا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مجوزہ ٹرانسفارمر بیسڈ نظام کے ذریعے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں خصوصی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ اجلاس میں وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت نے صوبے کے توانائی مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔