سعودی عرب کے بعد چین اور کویت کی بھی پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

پاکستان کو دسمبر میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی ایک ارب 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے

November 5, 2026 · قومی
سعودی عرب کے بعد چین اور کویت کی بھی پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

سعودی عرب کے بعد چین اور کویت کی بھی پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان کو سعودی عرب کے بعد چین اور کویت نے بھی مجموعی طور پر 4 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرضے ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس سے ملکی بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق چین پاکستان کے 4 ارب ڈالر جبکہ کویت 30 کروڑ ڈالر کے قرضے کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 4 ارب ڈالر کا قرض مارچ 2027 میں رول اوور کرایا جائے گا، جبکہ سعودی عرب، چین اور کویت سے مجموعی طور پر 7 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرضے تقریباً ایک سال کے لیے رول اوور ہونے ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان کو دسمبر میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی ایک ارب 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 21 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں متوقع ہیں، جن میں 7 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرضوں کی رول اوور سہولت بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کے قرضے کی مدت میں توسیع ہو چکی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ اس معاملے پر مثبت بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال سعودی عرب سے مزید مالی معاونت کی ضرورت نہیں ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس تین ماہ کی درآمدات کے برابر زرمبادلہ کا ذخیرہ موجود ہے۔ ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو بانڈز کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ان ادائیگیوں کے باعث مستقبل میں کسی بھی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس دسمبر میں متوقع ہے، تاہم اجلاس کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔