سیف سٹی کی بڑی کامیابی،40 سال سے بچھڑی بنگلا دیشی خاتون کا خاندان مل گیا
حلیمہ کا تعلق بنگلا دیش سے ہے، جو 2013 میں اسلام آباد میں بے سہارا حالت میں ملی تھیں،سیف سٹی اتھارٹی
سیف سٹی کی بڑی کامیابی،40 سال سے بچھڑی بنگلا دیشی خاتون کا خاندان مل گیا
لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے چار دہائیوں سے اپنے خاندان سے بچھڑی بنگلا دیشی خاتون حلیمہ کے اہلِ خانہ کو تلاش کر لیا۔
سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق حلیمہ کا تعلق بنگلا دیش سے ہے، جو 2013 میں اسلام آباد میں بے سہارا حالت میں ملی تھیں۔ اردو زبان سے ناواقفیت کے باعث وہ اپنی شناخت اور خاندان کے بارے میں مکمل معلومات فراہم نہیں کر پا رہی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حلیمہ کو عارضی رہائش کے لیے ایدھی سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ کئی سال سے مقیم تھیں۔ اس دوران سیف سٹی کی ٹیم نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے ان کے اہلِ خانہ کی تلاش جاری رکھی۔
ترجمان کے مطابق حلیمہ کی جانب سے بتائے گئے آبائی گاؤں اور خاندان کے افراد کے ناموں کی مدد سے سیف سٹی ٹیم بنگلا دیش میں ان کے بیٹے اور بھتیجے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
اس طرح طویل عرصے سے بچھڑی حلیمہ کے خاندان کا سراغ مل گیا اور ان کے اہلِ خانہ کی تلاش کی کوششیں کامیاب ہوگئیں۔