بھارت سے شکست کا ملبہ مجھ پر ڈالنا ناانصافی ہے، اعظم خان

ورلڈکپ میں صرف ایک میچ کھیلا تھا اور اس میں محض ایک گیند کا سامنا کیا تھا۔

November 5, 2026 · اسپورٹس
بھارت سے شکست کا ملبہ مجھ پر ڈالنا ناانصافی ہے، اعظم خان

بھارت سے شکست کا ملبہ مجھ پر ڈالنا ناانصافی ہے، اعظم خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار انہیں ٹھہرائے جانے پر ناقدین کو جواب دے دیا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 28 سالہ اعظم خان کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا بوجھ ان پر ڈالنا درست نہیں، کیونکہ انہوں نے ورلڈکپ میں صرف ایک میچ کھیلا تھا اور اس میں محض ایک گیند کا سامنا کیا تھا۔

اعظم خان نے کہا کہ ان کی فٹنس اور کھیلنے کی صلاحیت پر تنقید کرنے والوں کو بھارت کے خلاف میچ بھی یاد رکھنا چاہیے، جس میں پاکستان کے دیگر فٹ اور بہترین کھلاڑی 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز بنائے تھے، تاہم جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔ بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اعظم خان نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں امریکا کے خلاف گولڈن ڈک پر وکٹ گنوائی تھی، جس کے بعد انہیں مزید کسی میچ میں موقع نہیں ملا۔ پاکستان ٹیم بھی گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی تھی۔