پشاور میں گیس سلنڈر دھماکا، زخمی 3 بچے اسپتال میں جاں بحق
دھماکا اتنا شدید تھا کہ مکان کی چھت گر گئی اور ایک خاتون سمیت 4 بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔
پشاور میں گیس سلنڈر دھماکا، زخمی 3 بچے اسپتال میں جاں بحق
پشاور: پجگی روڈ کے قریب مکان میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے زخمی ہونے والے 3 بچے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی تاحال زیرِ علاج ہیں۔
واقعہ گزشتہ رات پجگی روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں گیس لیکج کے باعث گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ مکان کی چھت گر گئی اور ایک خاتون سمیت 4 بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 3 بچوں کی جان نہ بچائی جا سکی۔ ایک خاتون اور بچی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں گورنر نے متاثرہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے۔