خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے،پنجاب میں پہلا مرحلہ 7 فروری کو کرانے کا حکم
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تا حکم ثانی ملتوی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے جبکہ پنجاب میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے آرڈر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکم نامے کی شق نمبر 2 کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 28 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے ایمرجنسی سے متاثرہ اضلاع کے علاوہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتظامات کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری میں دھند انتخابی عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے جبکہ سرد موسم کے باعث ووٹرز کا ٹرن آؤٹ بھی کم رہنے کا امکان ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن سے 20 جنوری کے بعد انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی، جسے منظور کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔