الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی
الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات جنوری یا فروری 2027 میں کرانے کی نئی درخواست دی تھی، جس کا جائزہ لینے کے بعد 7 فروری کو پہلے مرحلے کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی درخواست کی تھی۔ صوبائی کابینہ کی کمیٹی نے بھی اسموگ، شدید دھند، خراب موسم، ماہ رمضان اور اساتذہ کی عدم دستیابی کو جواز بناتے ہوئے انتخابات اپریل میں کرانے کی سفارش کی تھی۔
دورانِ سماعت چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن سے مزید دو ماہ کی مہلت طلب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سرد موسم، اسموگ، بسنت اور امتحانات کے باعث جنوری سے مارچ تک انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، اس لیے بلدیاتی انتخابات اپریل میں کرائے جائیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے حکومتی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی۔