متحدہ اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کا فیصلہ مؤخر
پاکستان تحریک انصاف سمیت بعض اپوزیشن رہنماؤں نے انتخابی اصلاحات کے بجائے موجودہ انتخابی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا
متحدہ اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کا فیصلہ مؤخر
اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہ ہو سکا، تاہم اس معاملے کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں زیر بحث لانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مختلف آرا سامنے آئیں۔ اجلاس میں جے یو آئی کے بعض رہنماؤں نے انتخابی اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ نظام میں مزید بہتری لانے اور کئی نکات پر نظرثانی کی گنجائش موجود ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سمیت بعض اپوزیشن رہنماؤں نے انتخابی اصلاحات کے بجائے موجودہ انتخابی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انتخابی قوانین پہلے ہی مناسب ہیں، جب ان پر عمل درآمد ہی نہیں ہونا تو نئی اصلاحات کا کیا فائدہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے نامزدگی کا فیصلہ اتفاق رائے سے کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس مقصد کے لیے دو رکنی ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجا اور جے یو آئی کے ایک سینیٹر شامل ہیں۔
ذیلی کمیٹی آل پارٹیز کانفرنس سے قبل اپنی سفارشات مرتب کرے گی، جنہیں اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔