مستحق افراد کو فیول سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ ہوں گے، وزیراعظم

رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے

November 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
مستحق افراد کو فیول سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ ہوں گے، وزیراعظم

مستحق افراد کو فیول سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحق شہریوں کو سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عمل درآمد اور اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح کے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے اسکیم کی نگرانی اور مؤثر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ فیول سبسڈی کے لیے رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق فیول ریلیف پروگرام کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے 4 لاکھ 49 ہزار 800 مالکان شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 استعمال ہو چکے ہیں۔ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی کی مد میں 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شہریوں اور پٹرول پمپس کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔