لاہورنارووال سیکشن پرٹرینوں کی مسلسل تاخیر،مسافر چھتوں پر سفر کرنے لگے
بوگیوں کی کمی اور ریک شیئرنگ سسٹم کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
لاہور نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی مسلسل تاخیر، مسافر چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور
لاہور: لاہور نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی مسلسل تاخیر اور پرانی و خستہ حال بوگیوں کے استعمال نے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا، صبح اور رات کے اوقات میں چلنے والی ٹرینیں روزانہ دو سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے لگیں، جبکہ بعض مسافر گنجائش اور سہولیات کی کمی کے باعث ٹرینوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے نارووال جانے والی 211 اپ نارووال پسنجر اور 209 اپ فیض احمد فیض پسنجر کی تاخیر معمول بن گئی ہے۔ ٹرینوں میں استعمال ہونے والی متعدد بوگیاں پرانی اور خستہ حال ہیں، جن کے اندرونی حصے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مسافروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسی بوگیوں کا استعمال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور نارووال سیکشن پر ریلوے حکام کی جانب سے برانچ لائن کو مین لائن جیسی ترجیح نہیں دی جاتی، جبکہ ٹرینوں کے ریک شیئرنگ سسٹم نے بھی تاخیر کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ ایک ہی ریک سے مختلف ٹرینیں چلانے کے باعث روزانہ چار مرتبہ ریک تبدیل کیے جاتے ہیں، جس سے ٹرینوں کی روانگی کا نظام متاثر ہورہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 211 اپ نارووال پسنجر صبح لاہور سے روانہ ہوکر دوپہر تقریباً ایک بجے نارووال پہنچتی ہے، جبکہ 212 ڈاؤن نارووال پسنجر شام پانچ بجے نارووال سے لاہور کے لیے روانہ ہوتی ہے۔
لاہور پہنچنے کے بعد یہی ریک رات آٹھ بجے فیض احمد فیض پسنجر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، حالانکہ اس ٹرین کی روانگی کا مقررہ وقت شام ساڑھے سات بجے ہے۔ 212 ڈاؤن کی آمد کے باعث فیض احمد فیض پسنجر کی روانگی رات نو بجے معمول بن چکی ہے، جس سے مسافروں کو ڈیڑھ سے دو گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریک کی عدم دستیابی کے باعث لاہور سے نارووال جانے والی فیض احمد فیض پسنجر کے مسافر روزانہ دو سے تین گھنٹے تاخیر برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ ٹھیکے پر چلنے والی ٹرینوں کی تاخیر پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، تاہم ایک ہی ریک سے متعدد ٹرینیں چلانے کے نظام پر محکمہ ریلوے اور نجی آپریٹرز مطمئن دکھائی دیتے ہیں، جس کا خمیازہ عام مسافروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور نارووال سیکشن پر ٹرینوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے، ریک کی دستیابی بہتر کرنے اور پرانی بوگیوں کی جگہ بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں روزانہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔