وفاقی وزیر توانائی اور آئی ایف سی وفد کی ملاقات، بجلی سستی کرنے پر غور
اہم ملاقات، توانائی اصلاحات پر تبادلہ خیال، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم۔
وفاقی وزیر توانائی اور آئی ایف سی وفد کی ملاقات، بجلی سستی کرنے پر غور
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، نجکاری کے عمل، اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں ٹیرف فنانسنگ کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے اور انہیں بتدریج کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر اویس لغاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام اصلاحاتی اقدامات کا بنیادی مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کو روکنے اور ان میں کمی لانے کے لیے جدید مالیاتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔
سرکاری ذرائع اور ملاقات کے دوران طے پانے والے امور کے مطابق، حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دینے اور ترقیاتی منصوبوں میں مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری، ایڈوانسڈ میٹرنگ انفرا اسٹرکچر کے نفاذ، اور نیشنل گرڈ کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کمرشل فنانسنگ کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایف سی پاکستان کے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔