ترکیہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 107 افراد گرفتار

سخت کارروائیاں، خواتین و بچوں سمیت درجنوں افراد حراست میں، ملک بدری کا عمل تیز۔

November 29, 2026 · قومی
ترکیہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 107 افراد گرفتار

ترکیہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 107 افراد گرفتار

ترکیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سکیورٹی اداروں نے گھیرا تنگ کرتے ہوئے ملک بھر میں کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف گرفتاریوں اور ملک بدری کے عمل کو انتہائی تیز کر دیا گیا ہے۔

ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت کل 107 غیر قانونی افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ شہر بالیکسیر میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف گاڑیوں سے 14 بچوں سمیت 27 افغان شہریوں کو گرفتار کیا، جبکہ صوبہ ماردین کے ضلع میدیات میں ایک ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے 80 افغان شہریوں کو بھی دبوچ لیا گیا۔

حراست میں لیے جانے والے تمام غیر قانونی افغان شہریوں کو قانونی کارروائی کے بعد تارکین وطن کے مخصوص مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، انسانی اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث 3 مرکزی ملزمان کو عدالت کے حکم پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ترک مائیگریشن ایجنسی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران یعنی جنوری سے اکتوبر تک مجموعی طور پر 33 ہزار 341 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں پکڑے جانے والے غیر دستاویزی تارکین وطن میں افغان شہریوں کی تعداد تمام ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔