راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح آٹھویں مرتبہ مؤخر
ٹول ٹیکس وصولی کے نظام اور ویٹ اسٹیشنز کی عدم تکمیل افتتاح میں رکاوٹ بن گئی
راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح آٹھویں مرتبہ مؤخر
راولپنڈی: راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح آٹھویں مرتبہ بھی مؤخر کردیا گیا، 6 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منصوبے کا افتتاح نہیں کریں گی۔
پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی نے افتتاح کو ٹولنگ بوتھ سسٹم اور گاڑیوں کا وزن تولنے والے ویٹ اسٹیشنز کی تکمیل سے مشروط کردیا ہے۔ حکام کے مطابق ٹول ٹیکس وصولی کا نظام مکمل ہونے کے بعد ہی رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولا جائے گا۔
رنگ روڈ کے افتتاح سے قبل بانٹھ انٹرچینج جی ٹی روڈ پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔ بانٹھ انٹرچینج سے ٹھلیاں موٹروے لنک تک 38.3 کلومیٹر طویل روٹ مکمل ہوچکا ہے، جبکہ چار انٹرچینجز بھی تیار ہیں۔
مکمل ہونے والے انٹرچینجز میں بانٹھ، چک بیلی خان، اڈیالہ اور چکری شامل ہیں، جبکہ پانچواں ٹھلیاں انٹرچینج تاحال زیر تعمیر ہے۔
آر ڈی اے ذرائع کے مطابق رنگ روڈ کی فنشنگ مکمل ہوچکی ہے، تاہم ٹولنگ بوتھ سسٹم کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ افتتاح کی نئی تاریخ ٹولنگ بوتھ اور ویٹ اسٹیشنز کی تکمیل کے بعد دی جائے گی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح اس سے قبل سات مرتبہ ملتوی ہوچکا ہے، جبکہ یہ منصوبہ گزشتہ تین حکومتوں کے ادوار سے زیر تکمیل ہے۔