مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور مسلسل تربیت ناگزیر ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ،خصوصی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

November 5, 2026 · قومی

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ کیا

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ کیا، جہاں ان کی آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی تکمیل کے لیے استعداد کار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ترین خصوصی آلات کا معائنہ کیا اور ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور خصوصی آپریشنز کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ معیار، بلند حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ناگزیر ہے، جبکہ مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ ایس ایس جی کو بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات کے مقابلے میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تیاری جاری رکھنا ہوگی۔