کیلیفورنیا میں سزائے موت پانے والے تمام قیدیوں کی سزائیں عمر قید میں تبدیل
تمام قیدی اب اپنی باقی زندگی جیل میں گزاریں گے اور انہیں کسی بھی صورت رہائی نہیں مل سکے گی۔
کیلیفورنیا میں سزائے موت پانے والے تمام قیدیوں کی سزائیں عمر قید میں تبدیل
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سزائے موت پانے والے تمام 548 قیدیوں کی سزائیں عمر قید میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے اس تاریخی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام قیدی اب اپنی باقی زندگی جیل میں گزاریں گے اور انہیں کسی بھی صورت رہائی نہیں مل سکے گی۔
عوام کے نام جاری کیے گئے کھلے خط میں گورنر گیون نیوزوم کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کی آواز پر کیا، کیونکہ سزائے موت کا نظام انہیں مطمئن نہیں کر پا رہا تھا۔
گورنر نے مؤقف اختیار کیا کہ ریاست کی جانب سے کسی شخص کی جان لینا کیلیفورنیا کی بنیادی اقدار کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق نظامِ انصاف میں نسلی امتیاز اور انسانی غلطیوں کا امکان موجود رہتا ہے، جس کے باعث کسی بے گناہ کو بھی سزائے موت دیے جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ امریکی تاریخ میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کی سزاؤں میں تبدیلی کا سب سے بڑا اقدام ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں امریکا میں سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی مجموعی تعداد میں تقریباً 30 فیصد کمی واقع ہوگی۔