لاہور میں شہری سے کھانے کے پیسے مانگنے والے 3 پولیس اہلکار گرفتار
شکایت موصول ہونے پر معاملے کی تحقیقات کی گئیں، جس کے دوران الزام درست ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور میں شہری سے کھانے کے پیسے مانگنے والے 3 پولیس اہلکار گرفتار
لاہور میں شہری سے کھانے کے لیے پیسے مانگنے والے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ لاہور کے علاقے برکت مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں دورانِ ڈیوٹی تین پولیس اہلکاروں نے ایک شہری کو روک کر کھانے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کیا۔
شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر معاملے کی تحقیقات کی گئیں، جس کے دوران الزام درست ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گرفتار ہونے والے اہلکاروں کی شناخت فیاض، فرحان اور احمد مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہریوں کی عزت اور پولیس فورس کے وقار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔