9 مئی کے 6 مقدمات، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، تاہم ان کے وکیل مدثر چوہدری نے حاضری دی۔

November 6, 2026 · قومی
9 مئی کے 6 مقدمات، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع

9 مئی کے 6 مقدمات، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع

9 مئی کے واقعات سے متعلق مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹینر نذرِ آتش کرنے سمیت 6 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی عبوری ضمانتوں میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمات کی سماعت جج ملک عابد حسین نے کی، جس کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، اعظم خان سواتی اور حافظ فرحت عباس عدالت میں پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، تاہم ان کے وکیل مدثر چوہدری نے حاضری دی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کے وکلا کو عبوری ضمانتوں کی توثیق کے لیے دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے تفتیشی افسران کی جانب سے عدالت میں تفتیشی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ میں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم سمیت دیگر ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے، تاہم مقدمات میں ان کے خلاف الزامات کا حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔

ان مقدمات میں اعظم خان سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا اور رائے مرتضیٰ اقبال سمیت دیگر ملزمان نے بھی عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔