ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کا سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
دونوں وکلا کی جانب سے سزا معطل کرنے اور اپیلوں پر حتمی فیصلے تک رہائی کی درخواستیں بھی جمع کرائی گئی ہیں
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کا سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد: بیرئیر ہٹانے کے کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے اپنی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔
دونوں وکلا کی جانب سے سزا معطل کرنے اور اپیلوں پر حتمی فیصلے تک رہائی کی درخواستیں بھی جمع کرائی گئی ہیں۔ اپیلیں ایڈووکیٹ فیصل صدیقی، ریاست علی آزاد اور زینب جنجوعہ نے دائر کیں۔
درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے دوران منصفانہ ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں کیے۔ اپیل کنندگان کے مطابق جیل میں ہونے والی کارروائی آرٹیکل 10 کے منافی تھی اور اسے خفیہ ٹرائل کی طرح چلایا گیا۔
اپیلوں میں غیر شفاف ٹرائل سے متعلق مختلف عدالتی نظائر کا حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دی جائے۔
درخواست گزاروں نے مزید استدعا کی ہے کہ اپیلوں پر فیصلہ ہونے تک سزائیں معطل کرکے دونوں کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے بیرئیر ہٹانے کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔