وفاقی حکومت کا غیر رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ
تمام صوبائی حکومتوں کو مدارس کی رجسٹریشن کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری
وفاقی حکومت کا غیر رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں سے غیر رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں اور تمام صوبائی حکومتوں کو مدارس کی رجسٹریشن کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں مدارس کی تفصیلات مرتب کرلی ہیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور انٹیلی جنس کمیٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر 6 ہزار 368 مدارس موجود ہیں، جن میں سے 6 ہزار 273 رجسٹرڈ جبکہ 695 غیر رجسٹرڈ بتائے گئے ہیں۔
کراچی میں قائم 2 ہزار 443 مدارس میں سے ایک ہزار 905 کی رجسٹریشن مکمل ہے جبکہ 538 مدارس تاحال غیر رجسٹرڈ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے رجسٹرڈ مدارس میں 6 لاکھ 15 ہزار 306 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
مسلک کے اعتبار سے سندھ میں دیوبند کے 4 ہزار 240 مدارس میں سے 312 غیر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بریلوی مسلک کے 2 ہزار 357 مدارس میں سے 341 کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوسکی۔