پشاور سے لاہور کے درمیان براہِ راست پروازیں 9 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان
یومِ اقبال کے موقع پر ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز ہوگا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
پشاور سے لاہور کے درمیان براہِ راست پروازیں 9 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان
پشاور: خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 9 نومبر سے بحال کی جا رہی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا ہے کہ یومِ اقبال کے موقع پر ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق پشاور سے لاہور کا فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا، جبکہ ابتدائی طور پر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔ پشاور سے لاہور کے لیے پہلی پرواز 9 نومبر کو تقریباً دوپہر ایک بجے روانہ ہوگی۔
گورنر کا کہنا تھا کہ اس فضائی سہولت سے لاہور میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں، کاروباری افراد اور ملازمین کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ ان کے مطابق پشاور سے کوئٹہ کے لیے براہِ راست پروازیں پہلے ہی کامیابی سے جاری ہیں، جبکہ پشاور اور لاہور کے درمیان پروازوں کی تعداد میں مستقبل میں اضافہ کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، چترال اور پاراچنار کے لیے بھی فضائی رابطے قائم کرنے کے امکانات پر کام جاری ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں کو فضائی سروس کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔