میٹا کا بڑا اقدام،پاکستان میں ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند
غیر فعال اور منسوخ شدہ موبائل نمبرز پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس سائبر فراڈ اور دھوکا دہی کی کارروائیوں کا ذریعہ بن رہے تھے
میٹا کا بڑا اقدام،پاکستان میں ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند
اسلام آباد: میٹا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست پر ری سائیکل موبائل نمبرز پر رجسٹرڈ ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق غیر فعال اور منسوخ شدہ موبائل نمبرز پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس سائبر فراڈ اور دھوکا دہی کی کارروائیوں کا ذریعہ بن رہے تھے، جس کے باعث ان اکاؤنٹس کی بندش کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل موبائل نمبرز موجود ہیں، جن میں سے پی ٹی اے نے ایک کروڑ نمبرز کی تفصیلات میٹا کو فراہم کی تھیں۔
پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان غیر فعال نمبرز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی نشاندہی اور بندش کے لیے طریقہ کار بھی طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ہر ماہ 5 ہزار ری سائیکل نمبرز کی تفصیلات میٹا کو بھیجی جائیں گی اور ان نمبرز پر موجود اکاؤنٹس مرحلہ وار بند کیے جائیں گے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق گزشتہ سال موصول ہونے والی شکایات میں سے میٹا نے 82 فیصد شکایات کا ازالہ کیا تھا۔