ارکان پارلیمنٹ کیلئے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر

تمام ارکان اپنے، اپنی شریکِ حیات اور زیرِ کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات فارم بی پر 31 دسمبر تک جمع کرانے کے پابند ہیں۔

November 6, 2026 · قومی
ارکان پارلیمنٹ کیلئے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر

ارکان پارلیمنٹ کیلئے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کو مالی سال 2025-26 کے اثاثہ جات اور واجبات کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام ارکان اپنے، اپنی شریکِ حیات اور زیرِ کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات فارم بی پر 31 دسمبر تک جمع کرانے کے پابند ہیں۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت سالانہ گوشوارے جمع کرانا ہر رکن کے لیے لازمی قانونی تقاضا ہے، جس کے تحت ہر سال 31 دسمبر یا اس سے قبل اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کے نام یکم جنوری کو پریس ریلیز کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔ اگر کوئی رکن 15 جنوری تک بھی اپنے گوشوارے جمع نہیں کراتا تو 16 جنوری کو باقاعدہ حکم نامے کے ذریعے اس کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی رکن کی جانب سے جمع کرائے گئے اثاثہ جات کے گوشوارے میں اہم معلومات غلط ثابت ہوئیں تو متعلقہ رکن کے خلاف بدعنوانی یعنی کرپٹ پریکٹس کے تحت قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔