بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی
درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ معاملے کو حل کیا جا سکے۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبریں حوصلہ افزا نہیں، جس پر پارٹی کو سخت تشویش ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ معاملے کو حل کیا جا سکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ایک ملاقات ہو چکی ہے اور سلمان صفدر بھی ان سے ملاقات کرکے آئے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد عمران خان کی صحت سے متعلق پارٹی کو ضروری ہدایات موصول ہوئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ختم ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت بھی جا چکی ہے، اس لیے اب پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔