سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع انتخابات ہائی جیک کرنے کی سازش ہے، ایم کیو ایم
سندھ حکومت کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی اور آئین و قانون کے خلاف ہے، قانونی ٹیم کی فروغ نسیم سے ملاقات
سندھ حکومت کا فیصلہ بدنیتی پرمبنی، آئین وقانون کی خلاف ورزی ہے: ایم کیو ایم کی قانونی ٹیم کا بیان/ فائل فوٹو
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع کو آئندہ انتخابات ہائی جیک کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت کے فیصلے کو بدنیتی پر مبنی اور آئین و قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی قانونی ٹیم نے سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کی، جس میں بلدیاتی ایکٹ 2013 میں کی گئی ترامیم پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران اعلیٰ عدالتوں میں مذکورہ ترامیم کے خلاف آئینی پٹیشن کی تیاری کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع آئندہ انتخابات ہائی جیک کرنے کی سازش ہے اور سندھ حکومت کا یہ فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہونے کے ساتھ آئین و قانون کی خلاف ورزی بھی ہے۔
ایم کیو ایم کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہوتے ہی تمام انتظامی اختیارات غیر جانبدار اور غیر سیاسی افراد کے سپرد کیے جائیں، جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات بھی غیر جانبدار انتظامی سیٹ اپ کی نگرانی میں کرائے جائیں۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں کی گئی ترامیم کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس معاملے پر مزید مشاورت کی جائے گی۔