کرم سیکٹر میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان خارجی گرفتار

اپر کرم میں کارروائی کے دوران اسلحہ،گولیاں اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹ بک برآمد

November 6, 2026 · قومی

کرم سیکٹر میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان خارجی گرفتار

اپر کرم: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر کرم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کرنے والے ایک مسلح افغان خارجی کو گرفتار کرلیا، جبکہ دہشت گرد تشکیل کے دیگر افراد سرحد عبور کرنے میں ناکام رہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان خارجی کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین غر سے ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار خارجی نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ خارجی کاظم گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

تلاشی کے دوران گرفتار افغان خارجی قاری وقاص کے قبضے سے ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار خارجی کے قبضے سے ایک نوٹ بک بھی برآمد ہوئی، جس میں مختلف مقامات اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ گرفتار افغان خارجی قاری وقاص سے مزید تفتیش جاری ہے۔