بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کا اہم معاہدہ
معاہدے کے تحت پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک تصدیق سمیت جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں گی
بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کی فراہمی کے لیے اہم معاہدہ
کوئٹہ: بلوچستان پولیس اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کی فراہمی کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت بلوچستان پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم سمیت مختلف جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر سمیت بلوچستان پولیس اور نادرا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت بلوچستان پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی۔ اس جدید نظام کے ذریعے شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اسی طرح نادرا کی فرانزک ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جو جرائم کی تفتیش اور مشتبہ افراد کی شناخت میں پولیس کے لیے معاون ثابت ہوگی۔
معاہدے میں شہریوں کے کوائف کے تحفظ اور رازداری کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نادرا اور بلوچستان پولیس کے درمیان یہ تعاون صوبے میں ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے عوامی خدمت، سلامتی اور تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
نادرا اور بلوچستان پولیس کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے شفاف، جدید اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا۔