سندھ میں میڈیکل داخلوں کا بڑا اسکینڈل،43 امیدواروں کی انٹرمیڈیٹ مارک شیٹس جعلی نکلیں

نمبروں میں ردوبدل ثابت ہونے پر داخلے منسوخ،امیدواروں پر پانچ سالہ تعلیمی پابندی بھی لگ سکتی ہے

November 6, 2026 · قومی

سندھ میں میڈیکل داخلوں کا بڑا اسکینڈل، 43 امیدواروں کی انٹرمیڈیٹ مارک شیٹس جعلی نکلیں

سندھ میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کے دوران انٹرمیڈیٹ کے نمبروں میں ہیر پھیر کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا، جہاں 43 امیدواروں کی مارک شیٹس میں جعلسازی اور نمبروں میں ردوبدل کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمز) جامشورو میں سال 2026-27 کے ایم بی بی ایس داخلوں کے دوران مارک شیٹس میں ہیر پھیر کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

داخلہ انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی مارک شیٹس کی تصدیق کے دوران حیدرآباد انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سرکاری گزٹ اور امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے نمبروں میں واضح تضاد پایا گیا۔

داخلہ فارم کے ساتھ جمع کرائی گئی 43 مشکوک پری میڈیکل امیدواروں کی مارک شیٹس تصدیق کے لیے حیدرآباد تعلیمی بورڈ بھیجی گئی تھیں، جہاں بورڈ کے ریکارڈ اور سرکاری گزٹ سے موازنہ کرنے پر نمبروں میں فرق سامنے آیا۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر پریسہ نواز کے مطابق عام شکایات اور عدالتی احکامات کی روشنی میں داخلوں کے لیے جمع کرائی گئی تمام مارک شیٹس کی باقاعدہ جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جعلسازی ثابت ہونے پر ان تمام 43 امیدواروں کے داخلے منسوخ کیے جا رہے ہیں، جبکہ قانون کے مطابق ان پر پانچ سال کے لیے تعلیمی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب کنٹرولر حیدرآباد بورڈ شکیل لغاری نے تصدیق کی ہے کہ 43 مارک شیٹس میں تضاد اور ہیر پھیر کے حوالے سے لمز انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔