بلوچستان کا منی ہائیسٹ کیس ڈیڑھ سال بعد حل، فلمیں دیکھ کر امیر بننے کے چکر میں طالب علم ڈاکو بن گئے

حب میں 200 کروڑ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی، تین ملزمان گرفتار،دو کی تلاش جاری

November 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بلوچستان میں حب کے مقام پر 200 کروڑ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی کا منی ہائیسٹ کیس ڈیڑھ سال بعد حل کرلیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث پانچ ملزمان میں سے تین کو گرفتار کرلیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زوہیب، مرتضیٰ اور بلال کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق زوہیب خود کو منی ہائیسٹ کا پروفیسر سمجھتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ضلع قلات سے ہے۔ ڈکیتی کی رقم سے خریدی گئی دو گاڑیاں، ایک موٹر سائیکل اور رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ڈکیتی کی رقم سے خریدے گئے موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم زوہیب اور غلام مرتضیٰ یونیورسٹی کے چوتھے سمسٹر کے طالب علم تھے، جبکہ ملزم بلال اکرم نے 2025ء میں یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او یار محمد زخمی ہوگئے تھے۔ گرفتار تینوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔