پروازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات کا سلسلہ اسٹریلیا تک پہنچ گیا
ٹوکیو سے سڈنی کی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی،سیکیورٹی اداروں نے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے کو گھیرے میں لے لیا
فائل فوٹو
سٖنی: یورپ کے بعد پروازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات کا سلسلہ اسٹریلیا تک پہنچ گیا ہے۔
ٹوکیو سے سڈنی کی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر آسٹریلیا کے سڈنی ایئر پورٹ پر ہنگامی سیکیورٹی نافذ کی گئی۔
جاپان کی آل نپون ایئر ویز کی پرواز NH-889 ٹوکیو کے ہانیڈا ایئر پورٹ سے سڈنی پہنچی تو کنگس فورڈ اسمتھ ایئر پورٹ پر سیکیورٹی اداروں نے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے کو گھیرے میں لے لیا۔
پرواز کو فوراً رن وے کے ایک الگ تھلگ حصے میں بھیج دیا گیا۔ مسافروں کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک طیارے کے اندر ہی روکے رکھا گیا اور پھر جب انہیں باہر نکالا گیا تو آسٹریلین فیڈرل پولیس کے مسلح اہلکاروں نے مسافروں کو ایک لائن میں کھڑا کر دیا۔
تمام مسافروں کا سامان فرش پر رکھوایا گیا اور بم ٹیسٹ کرنے والے کھوجی کتوں کے ذریعے تمام بیگز اور طیارے کی تلاشی لی گئی۔ سیکیورٹی پروٹوکول کی وجہ سے مسافروں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق طیارے یا سامان سے کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔ تلاشی مکمل ہونے کے بعد ایئر پورٹ کو کلیئر کیا گیا۔