کراچی میں پی ٹی آئی کا لیاری یو سی 8 کے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

فہیم خان کا جمہوریت، قانون اور انصاف کی بالادستی پر سوال، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندیوں پر بھی تنقید

November 6, 2026 · قومی

کراچی میں پی ٹی آئی کا لیاری یو سی 8 کے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فہیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت، قانون اور انصاف کی بالادستی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ عوام پاکستان تحریک انصاف اور بانی چیئرمین عمران خان کو ووٹ دیتے ہیں، لیکن عوامی مینڈیٹ تسلیم کرنے کے بجائے اس کی توہین اور مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

فہیم خان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندیاں بھی اسی غیر جمہوری طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی کی مرکزی پالیسی کے تحت پاکستان تحریک انصاف کراچی نے لیاری کی یونین کونسل 8 میں ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

فہیم خان نے لیاری کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جس پر پارٹی ان کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔