ایک سال قبل آسٹریلیا میں بونڈائی ساحل حملے میں زخمی خاتون وفات پا گئیں

گذشتہ دسمبر میں ہونے والا یہ حملہ تقریباً تین دہائیوں میں ہونے والا آسٹریلیا کا بدترین اجتماعی فائرنگ لا واقعہ تھا

November 6, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سڈنی : آسٹریلیا کے بونڈائی ساحل پر گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والی فائرنگ کے دوران گولی لگنے والی 90 سالہ خاتون سڈنی کے ایک ہسپتال میں وفات پا گئیں۔

ایوا گیلر ان درجنوں افراد میں شامل تھیں جو 14 دسمبر کو بونڈائی ساحل پر ایک یہودی تقریب پر دو مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے میں 10 سالہ بچی سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

گذشتہ دسمبر میں ہونے والا یہ حملہ تقریباً تین دہائیوں میں ہونے والا آسٹریلیا کا بدترین اجتماعی فائرنگ لا واقعہ تھا، جس کے بعد اسلحہ سے متعلق قوانین میں وسیع اصلاحات کی گئیں اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔

حملہ آوروں میں سے ایک، 50 سالہ ساجد اکرم، موقع پر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ اس کے بیٹے نوید اکرم کو 15 افراد کے قتل، 40 افراد کے قتل کی کوشش اور ایک دہشت گرد کارروائی کے ارتکاب کے الزام میں گرفتار کر کے فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ ان کے خلاف مقدمہ اب بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

پولیس نے فی الحال کوئی تفصیل فراہم نہیں کی ہے کہ آیا ایوا گیلر کی وفات کے نتیجے میں حملہ آور پر مزید الزامات لگائے جائیں گے۔