کراچی میں جیولر کے ملازمین سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لوٹ لی گئی
ملازمین جب اللہ والا چورنگی کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے ان کا راستہ روک لیا اور قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے۔
کراچی میں جیولر کے ملازمین سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لوٹ لی گئی
کراچی: طارق روڈ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان جیولر کے ملازمین سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی چھین کر فرار ہو گئے۔ لوٹے گئے زیورات کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کی اطلاع ملتے ہی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران جیولر نے بتایا کہ اس کے ملازمین صدر سے شاپر میں 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لے کر طارق روڈ پر واقع دکان کی جانب آ رہے تھے۔
ملازمین جب اللہ والا چورنگی کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے ان کا راستہ روک لیا اور قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل سکے۔
دوسری جانب سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری ہونے والا 7 کروڑ روپے مالیت کا سونا برآمد کرکے مالک کے حوالے کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی کے ذریعے سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر 2 کلوگرام سے زائد سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ملنے کے بعد ڈی پی او دوست محمد نے فوری نوٹس لیا اور ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او کو پولیس ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ ترجمان کے مطابق تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تمام سونا برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔