پاکستان کا پہلا مکمل برقی صفائی ٹرک متعارف،مریم نواز نے افتتاح کر دیا
یہ ٹرک ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد 70 کلومیٹر تک کام کر سکے گا۔ اس کے استعمال سے کاربن کا اخراج صفر ہوگا
پاکستان کا پہلا مکمل برقی صفائی ٹرک متعارف،مریم نواز نے افتتاح کر دیا
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے پہلے مکمل برقی صفائی ٹرک کا افتتاح کر دیا۔ اس جدید ٹرک کو لاہور رنگ روڈ پر سڑکوں کی صفائی اور دھلائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
افتتاح کے موقع پر مریم نواز نے ٹرک کا معائنہ کیا، جبکہ انہیں اس منصوبے کی خصوصیات اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
حکام کے مطابق برقی صفائی ٹرک سڑکوں سے گردوغبار اور کچرا صاف کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر موجود پانی بھی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے اس میں جدید صفائی کا نظام نصب کیا گیا ہے۔
یہ ٹرک ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد 70 کلومیٹر تک کام کر سکے گا۔ اس کے استعمال سے کاربن کا اخراج صفر ہوگا، جس سے فضائی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
جدید ٹرک کے ذریعے سڑکوں پر گردوغبار اور شور کی آلودگی بھی کم ہوگی، جس سے شہری ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔