خاتون 60 دن سونے کے بعد 28 لاکھ روپے سے زائد کا نقد انعام جیت گئی
ویک فٹ کے زیرِ اہتمام دو ماہ جاری رہنے والے اس مقابلے میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں
خاتون 60 دن سونے کے بعد 28 لاکھ روپے سے زائد کا نقد انعام جیت گئی
بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والی جینیا چیٹرجی نے نیند کے ایک منفرد مقابلے میں 60 روز تک حصہ لے کر 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے کا نقد انعام جیت لیا، جو پاکستانی کرنسی میں 28 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد بنتے ہیں۔ انہیں انعام کے ساتھ مفت سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیا بنانے والی کمپنی ویک فٹ کے زیرِ اہتمام دو ماہ جاری رہنے والے اس مقابلے میں بھارت بھر سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔ مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔
مقابلے میں شریک افراد کو روزانہ مقررہ معمول کے مطابق سونے، اپنی نیند کی عادات برقرار رکھنے اور ہر ہفتے مختلف دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ذمہ داری دی گئی۔ شرکاء کی کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جاتا اور اسی بنیاد پر انہیں نمبر دے کر درجہ بندی کی جاتی تھی۔
مقابلے کے دوران شرکاء کو فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں پیش کرنے، ایک ہفتے کی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور گفتگو کے دوران کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کا لفظ استعمال کرنے جیسے دلچسپ چیلنجز بھی دیے گئے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ہفتے کا بہترین سلیپر قرار دیا جاتا تھا۔
آخری مرحلے میں امیدواروں کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فائنل میں ہر شریک نے اپنی پسند کے مطابق تیار کردہ ماحول میں ایک رات گزاری۔ فاتح کا فیصلہ نیند کے حاصل کردہ اسکور کی بنیاد پر کیا گیا۔
اس طرح جینیا چیٹرجی مقابلے کی فاتح قرار پائیں اور انہیں نقد انعام کے علاوہ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی ملا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقابلہ پہلی مرتبہ 2019 میں منعقد کیا گیا تھا۔ ابتدائی چار مقابلوں میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اب تک 65 شرکاء کو فی کس ایک لاکھ بھارتی روپے بھی دیے جا چکے ہیں۔