ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

بالائی خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

November 7, 2026 · ماحولیاتی تغیر
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے تمام اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں نسبتاً گرم رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح و رات کے وقت خنکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، دالبندین، بارکھان، موسیٰ خیل، نوکنڈی اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، کوہاٹ، دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، کرم اور باجوڑ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، بھکر، لیہ، خوشاب، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں 9، قلات میں 4، زیارت میں 6، ژوب میں 11، سبی اور نوکنڈی میں 19، تربت اور جیوانی میں 20، چمن میں 12 اور گوادر میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔